نئی دہلی ،2؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ ہندوستانی معیشت تیزی سے ’وکاس ‘کے لئے تیار ہے اور ملک کا کا جی ڈی پی 2025 تک دوگنا ہوکر 5ہزار ارب ڈالر کے اعداد و شمار کو چھونے کا امکان ہے۔
واضح ہو کہ وہ یہاں آئی سی آئی کے پلاٹینم جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صد رجمہوریہ نے کہا کہ اگلے دہائی میں ہندوستانی معیشت نئی اڑان کے لئے تیار ہے اور 2025 تک ملک کی جی ڈی پی کا حجم دوگنا ہوکر پانچ ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا ٹیکس کا نظام اورٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے میں چارٹڈ اکاؤنٹنٹ کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے منصفانہ نظام کے ساتھ اس پر عمل درآمدپر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا اثر حکومت کو آمدنی دینے سے کہیں زیادہ ہے۔ کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت پی. پی. چودھری بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کالے دھن کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور اس ترتیب میں اب تک 2.25 لاکھ مشتبہ کمپنیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ٹیلی کمیونیکیشن وزیر مملکت منوج سنہا نے بھی اس موقع پر اپنی بات رکھی ۔